سمگلر ماڈل کے حصول کیلئے تین محکمے آپس میں برسر پیکار
لاہور: گذشتہ دنوں لاہور ائرپورٹ سے 9کلوگرام ہیروئن لے جانے کی کوشش میں گرفتار ہونے والی چیک ریپلک کی شہری جواں سال خاتون کو کسٹم حکام نے حراست میں لیا مگر یہ خاتون پاکستان کے تین محکموں محکمہ کسٹم، اے این ایف اور اے ایس ایف کے درمیان تنازعے کا باعث بن گئی لیکن اب اس خاتون کی ایسی تصویر منظر عام پر آگئی کہ سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں نے لاہور سے ابوظہبی جا نے والی جمہوریہ چیک کی رہائشی خاتون نے ائیرپورٹ پر 2 چیکنگ کاﺅنٹرز کو کامیابی سے پار کر لیا تاہم جب وہ کسٹم کاﺅنٹر پر پہنچی،تو جامع تلاشی کے دوران اس کے پاس سے 9 کلوہیروئن برآمد ہوئی جس کی مالیت عالمی مارکیٹ میں 9 کروڑ روپے تک بنتی ہے۔ خاتون سے ہیروئن برآمد ہونے کے بعد اے این ایف ، اے ایس ایف اور کسٹم حکام میں بحث و مباحثہ بھی ہوا کیونکہ تینوں محکمے خاتون کو اپنی تحویل میں لینا چاہتے تھے تاہم اب خاتون کی ایک تصویر سامنے آئی ہے، جس میں محکمہ کسٹم اور ایف آئی کے افسران خاتون کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ غیر ملکی سمگلر خاتون کی یہ تصویر بظاہر فرمائشی لگ رہی ہے ، تصویر کے سامنے آتے ہی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر طوفان برپا ہوگیا ہے۔ سوشل میڈیا افراد افسران کے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔خاتون تصویر میں انتہائی پرسکون اور خوشگوار موڈ میں نظر آرہی ہے جبکہ تصویر میں موجود افسران بھی سنجیدگی کے ساتھ کھڑے ہیں۔