آرمی چیف کا دورۂ سری لنکا، عسکری قیادت سے ملاقاتیں
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دو روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے سری لنکن ہم منصب کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سری لنکا کی تینوں سروسز کے سربراہان سے ملے جہاں تینوں سروسز ہیڈ کوارٹر میں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
جب کہ آرمی چیف نے سری لنکا کے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا بھی دورہ کیا جہاں کالج کی فیکلٹی اور اسٹاف سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ پاک فوج کے سربراہ نے سری لنکا کی عسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں جس دوران سری لنکن قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سری لنکن قیادت نے سری لنکا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان مواقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن رد الفساسد کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔