مظفر گڑھ میں حساس اداروں کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 6 دہشت گرد ہلاک
ملتان: مظفر گڑھ کے قریب حساس اداروں کی کارروائی میں کالعدم تنظیم القاعدہ کے 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
حساس اداروں نے مظفر گڑھ کےقریب کار اور موٹرسائیکل پر سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد جوابی فائرنگ میں 6 ملزمان ہلاک ہوگئے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان میں گزشتہ شب فرار ہونے والے دہشت گرد شامل ہیں جو دریائے چناب کے کنارے کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے چنگل سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے جب کہ ملزمان بلوچستان فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ سے ہے جن کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جب کہ ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت یاسر پنجابی کے نام سے ہوئی جو تنظیم کا اہم کمانڈر ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی حساس اداروں نے دریائے چناب کے کنارے کارروائی کی تھی جس میں القاعدہ کے 8 دہشت گرد مارے گئے تھے جو ملتان کی یونیورسٹی پرحملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے جب کہ ہلاک دہشت گردوں میں پاکستان میں القاعدہ کا کمانڈر جاوید قندھاری بھی شامل تھا۔