آشیانہ اسکیم میں مبینہ کرپشن؛ شہباز شریف کی آج نیب میں پیشی
لاہور: آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں کرپشن کے الزامات پر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف آج نیب کے روبرو پیش ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نیب آفس میں متعلقہ کیس کے حوالے سے پیش ہونے کیلیے اپنے قانونی ماہرین سے مشاورت کی ہے جس کے بعد انجوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آج نیب آفس ٹھوکر نیاز بیگ میں انوسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونگے۔
وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر خاور الیاس کی جانب سے طلبی کا نوٹس بھجوایا گیا۔ پنجاب لینڈ ڈیولپمنٹ کمپنی کی جانب سے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اور آشیانہ اقبال کی تفصیلات نیب کو بھجوائی جا چکی ہیں۔ نیب کی جانب سے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے پنجاب لینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قوانین کیخلاف ورزی کرتے ہوئے مستحق ٹھیکیدارچوہدری لطیف کا ٹھیکہ منسوخ کرکے لاہور کاسا کو ٹھیکے سے نوازا جس سے خزانے کو 19 کروڑ 30 لاکھ روپے نقصان پہنچا جب کہ آشیانہ اقبال کا ٹھیکہ ایل ڈی اے کو دینے سے قومی خزانے کو 71 کروڑ 50 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔
نوٹس کے مطابق وزیر اعلی پنجاب نے کنسلٹنسی کی مد میں انجنیئرنگ سروس پنجاب کو 19 کروڑ 20لاکھ کی منظوری دی جبکہ نیسپاک نے کنسلٹنسی کا تخمینہ 3کروڑ 50لاکھ روپے لگایا تھا۔ واضح رہے کہ کہ نیب کی انوسٹی گیشن ٹیم میں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور سلیم شہزاد بھی موجود ہونگے۔