پاکستان سے حقانی نیٹ ورک کے حملوں کا الزام بے بنیاد ہے: میجر جنرل آصف غفور
لاہور: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے دنیا نیوز کے پروگرام ‘آن دا فرنٹ’ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کو ہم سے کوئی خطرہ نہیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچتے رہیں تو جموریت کو کوئی خطرہ نہیں، آرمی چیف ملکی تاریخ میں پہلی بار سینیٹ میں گئے، آرمی چیف قانون کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں اور ملک میں جمہوریت کا چلنا بہت ضروری ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آرمی چیف جمہوریت کا احترام کرتے ہیں، الیکشن سے متعلق جو بھی حکم ملے گا فوج اس پر عمل کرے گی، سینیٹ الیکشن کرانے یا نہ کرانے کا فوج سے کیا تعلق؟ نہیں چاہتے کہ کبھی ایسا وقت آئے کہ آرمی چیف انتخابات کا اعلان کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں استحکام بہت ضروری ہے، ہم دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں، پاکستان سے حقانی نیٹ ورک کے حملوں کا الزام بے بنیاد ہے، حقانیوں کا تعلق افغانستان سے ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں، بھارت نے 2017ء میں سب سے زیادہ خلاف ورزیاں کیں، وہ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے، بھارت کو سرحد پر بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔