وزیراعظم نواز شریف کی یوسف رضا گیلانی سے ملاقات، بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد
لاہور: وزیر اعظم نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ان کے گھر پر ملاقات کی ہے اور انہیں 3 برسوں بعد مغوی بیٹے کی باحفاظت بازیابی پر مبارک باد دی ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف اپنے بیٹے حسین نواز اور دیگر شخصیات کے ہمراہ لاہور میں یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کے بازیاب ہونے والے بیٹے علی حیدر گیلانی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے یوسف رضا گیلانی کو ان کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی باحفاظت واپسی پر مبارک باد دی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علی حیدر گیلانی اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو فراموش کرکے مستقبل پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے۔
واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی کو مئی 2013 میں اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ ملتان میں اپنی انتخابی مہم چلا رہے تھے۔ انہیں چند روز قبل افغانستان سے بازیاب کرایا گیا تھا۔