حافظ سعید کو گرفتار کیا گیا تو قانونی جنگ لڑینگے، اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ
لاہور: ملک کےمعروف قانون دان اور جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید کے وکیل اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ،عدالت میں حکومت کبھی جماعۃ الدعوۃ اور ایف آئی ایف کیخلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی،عدالتی حکم کے باوجود حکومت نے کوئی قدم اٹھایا تو قانونی جنگ لڑیں گے اور پوچھیں گے کہ عدالتوں کا احترام کیوں نہیں کیا جاتا؟ فاضل عدالت نے حکومت کو حافظ محمد سعید اور جماعۃ الدعوۃ کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا ہے۔اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے کہاکہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے جماعۃ الدعوۃ اور ایف آئی ایف کا وکیل بننے کا شرف حاصل ہے،گزشتہ دس برس سے ان دو اداروں کا وکیل ہوں،حیرت کی بات ہے کہ حکومت پاکستان جب بھی جماعۃ الدعوۃ اور ایف آئی ایف کے خلاف کوئی قدم اٹھاتی ہے تو خود نہیں بلکہ بیرونی قوتوں کے کہنے پر اٹھاتی ہے،حکومت کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہوتا،وہ کہتے ہیں ہمیں امریکہ نے کہا اس لئے کارروائی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے ہمیشہ ہمارے حق میں فیصلے دیئے ، حکومت کی طرف سے عدالتوں میں کہا جاتا رہا کہ ہمارے پاس ایسے ثبوت ہیں کہ وہ صرف چیمبر میں دکھا سکتے ہیں لیکن جب حکومتی ذمہ داران نے یہ سب کچھ چیمبر میں جج صاحبان کو دکھا یا تو ان میں کوئی ایسی بات نہیں تھی کہ جس سے عدالت کو مطمئن کیا جاسکتا۔ اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے کہاکہ گزشتہ برس جب حافظ محمد سعید نظربند ہوئے تو ایک ریویو بورڈ بنا ،تین فاضل جج اس میں شامل تھے ،انہوں نے بھی کہا کہ حافظ سعید کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔انہوں نے کہا کہ حافظ محمد سعید کی رہائی کے بعد امریکہ نے پھر پاکستان کو کہا کہ حافظ محمد سعید کے خلاف کارروائی کرو جس پر لاہور ہائیکورٹ میں نئی رٹ پٹیشن دائر کی کہ اقوام متحدہ ٹیم کی آمد کے موقع پر جماعۃ الدعوۃ اور حافظ محمد سعید کیخلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے جس پر عدالت نے تاحکم ثانی حکومت کو ایسا کرنے سے روک دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حافظ سعید کے خلاف کارروائیاں وہ لوگ کرتے ہیں جنہوں نے کشکول اٹھا رکھا ہے کہ ہمیں پیسے دیجئے،ہم نے فضول خرچیاں کرنی ہیں،جماعۃ الدعوۃ ملک میں خدمت خلق کا کام کر رہی ہے، تھر میں بھوکوں کو کھانا کھلا رہے ہیں،سیہون شریف،مال روڈ دھماکوں میں امدادی کاموں میں سب سے آگے تھے اس کے باوجود صرف بیرونی دباﺅ پر ان کیخلاف کارروائیاں کی جاتی ہیں۔اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہم نے عدالتی آرڈر لے لئے ہیں ،اگر حکومت کوئی غیر قانونی قدم اٹھاتی ہے تو ہم انہیں عدالتوں میں لیجائیں گے،ہم قانون کا سہارا لیتے ہیں اورآئندہ بھی لیں گے۔