پنجاب فرانزک لیب ایشیا کی نہیں، دنیا کی دوسری بڑی لیب ہے : ڈاکٹراشرف طاہر کا دعویٰ
لاہور: ڈی جی فرانزک سائنس ایجنسی ڈاکٹراشرف طاہر کا کہنا ہے کہ ہماری لیب ایشیا کی نہیں بلکہ دنیا کی دوسری بڑی لیب ہے جس میں دور جدید کے تمام آلات موجود ہیں ،ہمارے کریڈٹ میں صرف ملکی ہی نہیں بلکہ عالمی کیسز کی رپورٹس بھی ہیں جس میں امریکہ ،لندن اور ناروے کے ممالک شامل ہیں۔
نجی چینل”دنیا نیوز“کے پروگرام”نقطہ نظر “میں گفتگوکرتے ہوئے ڈی جی فرانزک سائنس ایجنسی ڈاکٹراشرف طاہر کا کہنا تھا کہ قصور کے واقعے میں ہمارے لوگوں نے دن رات کام کیا ،ایک دن میں 150کے قریب سیمپلز پراسس کئے جارہے تھے اور 96سیمپلز کا نتیجہ آجاتاہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملزم عمران کاسیمپل20جنوری کی رات کولیاگیاتھا اور 22جنوری کو اس امر کی تصدیق ہوچکی تھی کہ مطلوبہ شخص یہی ہے ہم نے اس بات کا بتا یا کہ یہ ایک سیریل کلر ہے کیونکہ ہمارے پاس اس سے قبل سامنے والے کیسز کا ریکارڈ موجودتھا ۔ڈاکٹراشرف طاہر کا کہنا تھا کہ جب ہمیں کورٹس کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ ان کوکوئی بھی رزلٹ جلدی چاہیے تو ہم ان کوبتا دیتے ہیں کہ کسی بھی نتیجے کے مطلوبہ وقت سے پہلے ہم کوئی نتیجہ نہیں دے سکتے، قصور والے واقعے میں 1150کے قریب سیمپلز لئے گئے، نتائج میں کوئی بھی شبہ باقی نہ رہے قصور کے واقعے میں ہماری اپنی ٹیمیں وہاں دن ،رات سیمپلز کولیکشن کے لئے موجود تھیں۔انہوںنے بتایا کہ امریکہ سے ہمار ے پاس ٹرپل مرڈرکا کیس آیا تھا جس کے نتائج وہاں کی دو لیبارٹیزسے کروائے گئے جو مختلف تھے اسی وجہ سے اس کوکسی نیوٹرل لیبارٹری کے کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا،بعد ازاں ہماری رپورٹس کے مطابق اس کیس کی مزید کارروائی کی گئی تھی،اس کے علاوہ ہماری لیب میں لند ن ،اور ناروے سے کیسز بھی حل کئے گئے ہیں۔ڈاکٹراشرف طاہر کا کہنا تھا کہ ہماری لیب کا پاس ایک اعزاز یہ بھی ہے کہ برطانوی وزیراعظم نے پورا دن ہمارے ساتھ گزارا تھا اور ہماری لیبارٹیز کی کارکردگی کو سراہا تھا۔