پٹرولیم نرخوں میں اضافہ؛ پیپلز پارٹی کا پارلیمنٹ میں احتجاج کا فیصلہ
لاہور: آصف زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پیپلز پارٹی کو پارلیمنٹ میں بھرپو احتجاج کرنے کی ہدایت کردی۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان کا خون نچوڑ رہی ہے، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کے طوفان کو دعوت دی ہے۔آصف زرداری نے پٹرولیم نرخوں میں کیا گیا اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بھرپور احتجاج کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ ایوانوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ اٹھائیں۔دریں اثنا سابق وفاقی وزیر نیلو فر بختیار نے لاہور میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کااعلان کردیا۔