تم کس کس کو نااہل کروگے، کس کس کو قید کروگے، مریم نواز
گوجرانوالہ: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نوازنے کہا ہے کہ انتقامی عدالت کو نوازشریف کے خلاف گواہ نہیں مل رہے ہیں جب کہ مخالفین اس وقت سازشیں کررہے ہیں اور نوازشریف اگلے پانچ سال کا ایجنڈہ بنا رہے ہیں۔
گوجرانوالہ میں (ن) کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ توہین عدالت کی سزا ہے تو کروڑوں ووٹ لینے والے منتخب وزیراعظم کی توہین کرنے والے کی کوئی سزا نہیں؟، توہینِ دستور و آئین اور پارلیمنٹ کی توہین کرنے والوں کی کوئی سزا نہیں؟، توہین عدالت میں تو سزا دیتے ہیں لیکن کیا کسی عدالت میں اتنی ہمت ہے کہ وہ چیف جسٹس کو بالوں سے پکڑنے والے پرویز مشرف کو بلائے، عدلیہ کو گالیاں دینے اور شرمناک کا لفظ استعمال کرنے والے عمران خان کو پکڑے؟ اگر نوازشریف سے سوال ہوگا تومشرف اور عمران خان سمیت سب سے سوال ہوگا۔
مریم نوازنے کہا کہ کس کس کو نااہل کروگے، کس کس کو قید کروگے، جیلیں بھر جائیں گی لیکن نوازشریف کے وفادار کم نہیں ہوگے،ہر گھر سے نوازشریف نکلے گا، انصاف کا ترازو لاڈلے کی طرف جھکا ہوگا تو لوگ انگلیاں اٹھاتے ہیں اور جب لوگ سوال کرتے ہیں تو توہین عدالت لگ جاتی ہے لیکن سوال کا جواب دینا پڑے گااگر انصاف کا ترازو ایک طرف جھکا ہوگا تو لوگ اس انصافی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔
مریم نوازنے کہا کہ کہتے ہیں نوازشریف نااہل ہوگیا لیکن یہ کیسی نااہلی ہے کہ جہاں جہاں نوازشریف جاتےہیں پورا کا پورا شہر امڈآتا ہے، انتقامی عدالت کو نواشریف کے خلاف گواہ نہیں مل رہے لیکن عوامی عدالت میں نوازشریف کے حق میں گواہی دینے والوں کے لیے جگہ کم پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ سازوں نے کچھ اور سوچ کے رکھا ہوا تھا لیکن سارے منصوبے ناکام ہوگئے،سازشی عناصر امید لگا کر بیٹھے تھے کہ نوازشریف خوفزدہ ہوکر گھر بیٹھ جائیں گے، شریف خاندان بکھر جائے گا،(ن)ٹوٹ جائے گی اورحکومت ختم ہوجائے گی، ٹیکنوکریٹس کی حکومت آجائے گی اور سینیٹ انتخابات کے ساتھ ساتھ 2018 کے عام انتخابات نہیں ہوں گے لیکن لوگ جاگ اٹھے اور نوازشریف کا مقدمہ لے کر آگے بڑھنے والوں نے مخالفین کو دھول چٹا دی۔