گوجرانوالہ میں آٹھ سالہ بچے کا زیادتی کے بعد بیدری سے قتل
گوجرانوالہ: گوجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں ایک 8 سالہ بچے کو زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق چنڈالہ کا رہائشی 8 سالہ بچہ دوپہر بارہ بجے گھر سے کھیلنے کے لیے نکلا مگر واپس نہ آیا۔ جس کے بعد گھر والوں نے تلاش شروع کی تو کئی گھنٹے بعد بچے کی لاش بھوسے کے گودام سے مل گئی۔بچے کی نعش کا پوسٹ مارٹم تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال میں کرایا گیا جس میں بچے سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچے کو گردن کی ہڈی توڑ کر بے دردی سے قتل کیا گیا۔دوسری جانب پولیس نے تھانہ واہنڈو میں مقدمہ درج کرکے چار مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔گذشتہ ماہ کے آغاز میں ضلع قصور کی 7 سالہ بچی زینب سے زیادتی اور قتل کے واقعے کے بعد سے پنجاب سمیت ملک بھر میں بچوں سے زیادتی اور قتل کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں اور اس حوالے سے آگاہی بیدار کرنے اور بچوں کو جنسی تشدد سے بچانے کے لیے اقدامات اٹھانے پر زور دیا جا رہا ہے۔