پنجاب

سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل یقینی بنایا جائے، وزیراعظم

سیالکوٹ: وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے جلد حل کو یقینی بنایا جائے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سات دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی کشمیری عوام حق خود ارادیت سے محروم ہیں، سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیریوں سے کیے گئے وعدے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جولائی 2016ء سے بھارتی مظالم میں سیکڑوں کشمیری شہید اور 20,000 سے زائد زخمی ہوئے جب کہ پیلٹ گنوں کے سفاکانہ استعمال سے 200 سے زائد افراد بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حریت رہنماؤں کو من گھڑت اور بے بنیاد الزامات پر ہراساں کیا جارہا ہے، انسانی حقوق کمیشن کے ہائی کمشنر اور او آئی سی ٹیم کو مقبوضہ کشمیرنہیں جانے دیاگیا، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کو بطور ڈھال استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری بھائیوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، عالمی برادری بھارت پر انسانی حقوق کے منشورکے احترام کے لیے دباؤ ڈالے، معصوم کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند کی جائیں، کشمیریوں کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے جلد حل کو یقینی بنایا جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close