جعلی مقابلوں کا ماہر پنجاب پولیس کا اہلکار عابد باکسر دبئی سے گرفتار
لاہور: لاہور کے بدنام زمانہ پولیس اہلکار اور جعلی مقابلوں میں ملوث سابق پولیس انسپکٹر عابد عرف باکسر کو دبئی میں گرفتار کر لیا گیا۔ عابد باکسر متعدد افراد کو جعلی پولیس مقابلوں میں مارنے میں ملوث بتایا جاتا ہے، جبکہ ایک اداکارہ پر تشدد میں بھی ملوث رہا ہے، اسے آئندہ چند دنوں میں پاکستان لایا جائے گا۔ لاہورکا بدنام زمانہ گینگسٹر سابق پولیس انسپکٹرعابد باکسر 90 کی دہائی میں خوف کی علامت تھا، 2007 میں نوکری سے فارغ ہوا اور دبئی فرار ہو گیا۔ بچہ گارڈن اور سنیما ہتھیانے کے کیسز تو اپنی جگہ عابد باکسر جعلی مقابلوں کا بھی ماہر مانا جاتا تھا۔ ذرائع کے مطابق 11 سال سے اشتہاری عابد باکسر کو گذشتہ سال سمن آباد لاہورکے ایک کیبل آپریٹر کے قتل کے الزام میں انٹر پول کے ذریعےگرفتار کیا گیا۔ ملزم کے دو ساتھی افضال پنو اور شہباز سائیں بیرون ملک فرار ہیں، جبکہ عابد باکسر کے سر کی قیمت 3 لاکھ روپے مقرر تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد جلد پاکستان لایا جائے گا، دوسری طرف پولیس حکام عابد باکسر کی گرفتاری سے متعلق بات کرنے سے گریز کررہے ہیں۔