اسمبلی نے قادیانیوں کو کافر قرار دیکر تاریخی اعزاز حاصل کیا، ختم نبوت کانفرنس
لاہور: تحریک لبیک یارسول اللہ (ص) کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے لاہور کے علاقے بلال گنج میں تاجدارِ ختمِ نبوت (ص) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دے کر تاریخی اعزاز حاصل کرلیا ہے، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سر قیامت تک یہ سہرا سجا رہے گا۔ قرارداد پیش کرنیوالے اور اس کے حق میں ووٹ دینے والے تمام ارکان مبارکباد کے مستحق ہیں، ختمِ نبوت کے پہرے داروں کیلئے دونوں جہاں میں سربلندی ہے، 13 فروری کو ڈسٹرکٹ جیل لاہور کے باہر منعقد ہونیوالا جیل بھرو اجتماع گِرتی ہوئی دیواروں کیلئے بہت بڑا دھکا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ختمِ نبوت کے تحفظ سے راہ فرار اختیار کرنیوالوں کیلئے دنیا اور آخرت میں کوئی جائے پناہ نہیں، عقیدہ ختمِ نبوت کو ذاتی مفادات کے حصول کا ذریعہ بنانا بہت بڑا جرم ہے، بندہ ناچیز نے این اے124 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرکے لادین قوتوں کو یہ پیغام دیدیا ہے کہ پاکستان بنانے والے پاکستان بچانے کیلئے میدان میں نکل آئے ہیں، پاکستان کو کرائے کا گھر سمجھنے والے یا پاکستان کے اسلامی تشخص کے سوداگر اب پاکستان کی جان چھوڑ دیں۔