مریم نواز کے ماتحت کام نہیں کرسکتا، چوہدری نثار
ٹیکسلا: سابق وزیرِداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ میں مریم نواز کے ماتحت کام نہیں کرسکتا اب فیصلہ کرلیا ہے کہ سیاسی طور پر پارٹی کے اندر متحرک رہوں گا۔کوہستان ہاؤس ٹیکسلا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں نے پارٹی ڈسپلن کی کبھی بھی خلاف ورزی نہیں کی لیکن منافقت کی سیاست بھی نہیں کرسکتا، بہت سی چیزیں برداشت کیں اور دلبرداشتہ ہوکر سائیڈ پر ہونے کا فیصلہ کیا، نوازشریف کو خط بھی لکھا اور کچھ مشورے بھی دیئے لیکن عمل نہیں ہوا، اب فیصلہ کرلیا ہے کہ سیاسی طور پر پارٹی کے اندر متحرک رہ کر کام کروں گا۔چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں پارٹی کے اندر بحث کرنے کو فوقیت دیتا ہوں، پارٹی کو چلانے کے حوالے سے خدشات اور تحفظات بھی ہیں تاہم کبھی سابق وزیراعظم یا مریم نواز کے بارے میں تنقید نہیں کی، نوازشریف اور شہبازشریف کے ماتحت کام کرنے کی حامی بھری اور کہا تھا کہ مریم نواز کے ماتحت کام نہیں کرسکتا، اس میں تنقید کرنے والی کوئی بات نہیں اور ویسے بھی الیکشن کے بعد ہی فیصلہ ہوگا کہ آئندہ وزیراعظم کون ہوگا ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا کا کام معلومات دینا ہے ججز بنانا نہیں ہوتا، میڈیا کے ذریعے اداروں پر حملے ہو رہے ہیں، ججز کی ذات پر حملے کرنے سے مسئلہ گھمبیر ہوتا ہے، میڈیا میں ریٹنگ کی جنگ میں گالم گلوچ وطیرہ بن چکا ہے، ہم سیاستدان دوسروں کو چور اور خود کو صادق و امین قرار دیتے ہیں۔