پنجاب
معروف سماجی رہنما اور قانون دان عاصمہ جہانگیر انتقال کرگئیں
معروف اور سینئر قانون دان عاصمہ جہانگیر 66 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔ سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر انتقال کر گئی ہیں۔ آج صبح سے ہی ان کی طبیعت خراب تھی تاہم کچھ دیر قبل طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں فیروز پور روڈ پر واقع حمید لطیف ہسپتال منتقل کیا گیا تو معلوم ہوا کہ انہیں شدید نوعیت کا ہارٹ اٹیک ہوا تھا۔ ڈاکٹرز نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں اور خالق حقیقی سے جا ملیں۔
انہوں نے عدلیہ بحالی تحریک میں بھی بھرپور حصہ لیا تھا اور انسانی حقوق کی ترجمان بھی مانی جاتی تھیں۔ عدلیہ بحالی تحریک میں بھی وہ پیش پیش رہیں جبکہ مارشل لاء دور میں کی گئی ان کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہیں 2010ء میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ کئی انٹرنیشنل ایوارڈ بھی ملے۔