ویلنٹائن ڈے کی آمد، پھول فروشوں کو لاکھوں کے آرڈر مل گئے
لاہور: پاکستان سمیت دنیا بھر میں پرسوں 14فروری کو محبت کرنے والو ں کا دن ( ویلنٹائن ڈے) منایا جارہا ہے صوبائی دارالحکومت میں اس دن کو منانے کیلئے سبھی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ روزنامہ ایکسپریس کے مطابق لاہور میں مختلف مقامات پر موجود پھول مارکیٹوں میں پھول بیچنے والوں صدیق ،اصغر ،بشیر اور عالم نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی ویلنٹائن ڈے جوش و خروش سے منایا جائے گا،لاکھوں روپے کے پھولوں کے آرڈر دے دیے گئے ہیں ،کئی من پھول ایک دن پہلے 13فروری کو لاہور پہنچ جائیں گے ،دل کی شکل کے غبارے اور گلدستے بھی بڑی تعداد میں فروخت کئے جائیں گے۔اس مرتبہ بیرونی ممالک سے بھی گلاب کے پھول منگوائے گئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے نئے ٹیکس لگادئیے ہیں اس لئے پھول مہنگے دام فروخت کئے جائیں گے،لاہور کی بڑی مارکیٹوں شاپنگ پلازوں کو ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے بنادٹ سجاوٹ کی جارہی ہے جس میں رنگ برنگی جھنڈیوں ،دل والے بڑے بڑے غبارے لگائے جارہے ہیں ،شاپنگ سنٹر میں ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے گفٹ پیک بھی رکھے گئے ہیں جو کہ دھڑا دھڑ فروخت ہورہے ہیں۔
لاہور کی لبرٹی مارکیٹ ،پیس پلازہ اور شاپنگ مالز کی معروف دکانداروں شاہد، پرویز،جلیل ،عادل مختار اور سرور چوہدری نے بتایا کہ ویلنٹائن ڈے پر پرفیومز ،میک اپ کٹس کف لنک اورموبائل فون کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔نوجوان لڑکے لڑکیاں گفٹ پیک خرید رہی ہیں ،حکومت کی جانب سے اگر ویلنٹائن ڈے پر پابندی نہ لگی تو یہ دن عید کے تہوار کی طرح پر جوش طریقے سے منایا جائے گا،شدید مہنگائی ہونے کے باوجود لوگ اپنے پیاروں کو گفٹ ضرور دیں گے اس کیلئے وہ کوئی سمجھوتا نہیں کرتے۔