پنجاب

جو ووٹ کی عزت نہیں کریگا، ہم اسکی عزت نہیں کرینگے، نواز شریف

سابق اور نااہل وزیراعظم، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پانچ لوگوں نے مجھے نااہل قرار دیکر کروڑوں عوام کے ووٹوں کو پھاڑ کر پھینک دیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ الیکشن سے پہلے ہی دھاندلی ہو رہی ہے۔ کوٹ مومن میں تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پانچ لوگوں نے مجھے نااہل قرار دیکر کروڑوں ووٹوں کو پھاڑ دیا۔ (ن) لیگ کے امیدوار کو انتخابی نشان شیر سے محروم کردیا گیا، (ن) لیگ کا انتخابی نشان شیر ہے ہمارے امیدوار کو پک اپ کا نشان کیوں دیا گیا ہے، اتنی بڑی نا انصافی کیوں؟ مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے سے روک کر 2018ء کے عام انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کی جارہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ میں نے کون سی کرپشن کی تھی، مجھے وزارت عظمیٰ سے نکالنے والے بھی مانتے ہیں کہ نواز شریف نے نہ کوئی کرپشن کی نہ سرکاری خزانے میں خرد برد کی، مجھے اس بات پر نکالا کہ میں نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، معروف قانون دانوں نے اس فیصلے کو غلط قرار دیا۔ نامور وکلا نے فیصلے کو تسلیم نہیں کیا اور کہا کہ اقامے پر نواز شریف کو نکالنا جائز نہیں، عمران خان نے خود اعتراف کیا کہ نواز شریف کے خلاف کمزور فیصلہ آیا ہے، پھر اس فیصلے کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پانچ لوگوں نے مجھے نااہل قرار دیکر کروڑوں ووٹوں کو پھاڑ کر پھینک دیا، پہلے فیصلے سے ووٹ دینے والے کروڑوں لوگوں کی توہین ہوئی، ججز نے اسی فیصلے کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے بھی ہٹا دیا، انہیں کروڑوں ووٹوں کی کوئی پرواہ نہیں، عوام کے ووٹ کی پاکستان کے اندر حرمت ہونے چاہیے یا نہیں، جو ووٹ کی عزت نہیں کرے گا ہم بھی اس کی عزت نہیں کریں گے، پاکستان کے حالات دوبارہ خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے، یہ پاکستان کی سلامتی کی جنگ ہے، میں بھی برداشت کررہا ہوں اور عوام بھی تحمل سے کام لیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close