بہت جلد قانون، عدالت اور آئین کے باغی کی عقل ٹھکانے آجائیگی، خرم نواز گنڈا پور
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نااہلوں کی حالت اس ضدی اور بدتمیز بچے والی ہو چکی ہے جو غلط حرکتوں پر تھپڑ کھاتا ہے مگر گالی دینے سے باز نہیں آتا، ن لیگ کی صدارت کیلئے قاتل اور کرپٹ ہونا ضروری ہے، نواز شریف کے بعد 14 بے گناہوں کے نامزد قاتل کی نامزدگی اس کا ناقابل تردید ثبوت ہے، بے گناہوں کو قتل کرنے اور کرپشن میں ملوث شہباز شریف کاحشر بڑے نااہل بھائی سے بدتر ہوگا، پوری ن لیگ کے مرکزی عہدیداروں میں جرات ہے تو وہ اپنے ’’جھوٹے رہبر‘‘ کا نام عہدیداروں کی فہرست میں شامل کر کے الیکشن کمیشن کو بھجوائیں انہیں اپنے اس فیصلے کی قانونی، سیاسی اخلاقیات کا پتہ چل جائیگا۔ نواز شریف اور شہباز شریف جتنے مرضی عدلیہ کیخلاف نعرے لگوا لیں، ان کے مقدر میں رسوائی اور جیلیں ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں عوامی تحریک کے عہدیداروں، کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی نے توہین عدالت میں سزا کاٹی، توقع تھی ایک ماہ کی جیل سے ان کی عقل ٹھکانے پر آ جائیگی مگر لگ رہا ہے لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانیں گے، نہال ہاشمی نے بیماری کا بہانہ بنا کر جیل سے ہسپتال منتقل ہونے کی کوشش کی مگر ان کا یہ ناٹک کامیاب نہ ہو سکا، نہال ہاشمی نے جیل سے نکلنے کے بعد پھر عدلیہ کے بارے میں زبان درازی کی جو انتہائی شرمناک اور گری ہوئی حرکت ہے، اس سے ثابت ہوا جیل عام ملزموں کیلئے اصلاح خانہ ہے مگر عادی مجرم مزید بے خوف ہو جاتے ہیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے تاخیری ہتھکنڈوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا، پنجاب حکومت ماڈل ٹاؤن کے ملزمان کی پشت پناہی کر رہی ہے اور انہیں عدالت سے تعاون نہ کرنے پر اکسا رہی ہے کیونکہ ن لیگ کا کلچر ہی عدالتوں کو گالیاں دینا، فیصلے نہ ماننا اور عدالتوں پر حملے کرنا ہے۔ خرم نوازگنڈاپور نے کوٹ مومن میں نواز شریف کی طرف سے عدلیہ کیخلاف نعرے لگوانے کو ایک شرمناک حرکت قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد قانون، عدالت اور آئین کے اس باغی کی عقل ٹھکانے آجائیگی۔