جعلی پولیس مقابلے ازخود نوٹس کیس کی بند کمرے میں سماعت ،قصور کے مدثر کو مقابلے میں مارنے والے پولیس اہلکار گرفتارہیں،آئی جی
لاہور: سپریم کورٹ نے جعلی پولیس مقابلے از خود نوٹس کیس کی سماعت بند کمرے میں کرنے سے متعلق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی استدعا منظور کرلی ،جس کے بعد آئی جی پولیس پنجاب نے چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم 3رکنی بنچ کو بند کمرے میں بریفنگ دی ۔اس کیس کی مزید سماعت کے لئے 9 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے از خود کیس کی سماعت کی، عدالتی حکم پر آئی جی پولیس پنجاب عارف نواز نے پولیس مقابلوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی ، چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ قصور میں ننھی بچی سے بداخلاقی کے مقدمہ میں مدثر نامی لڑکے کو پولیس مقابلے میں مارنے کے حوالے سے کیا کاروائی کی گئی ہے؟ آئی جی پنجاب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ذمہ دار ایس ایچ او اور پولیس اہلکار گرفتار کئے گئے ہیں جبکہ افسران کو شامل تفتیش کیا گیا ہے، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ پیش کی جانے والی رپورٹ میں تمام تفصیلات شامل ہیں، ایڈووکیٹ جنرل کی استدعا پر چیف جسٹس نے کہا کہ پولیس مقابلوں سے متعلق پیش کی جانے والی رپورٹ سے متعلق بند کمرے میں بریفنگ دی جائے۔ عدالت نے اس از خود نوٹس کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کردی ۔