ڈاکٹر طاہر القادری کا 17 جون کو لاہور میں احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان
لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 17 جون کو مال روڈ پر دھرنے کا اعلان کردیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کو دو سال ہو چکے ہیں لیکن انصاف کے حصول کے لیے وہ جہاں سے چلے تھے آج بھی وہیں کھڑے ہیں۔ وہ حکومتی دہشت گردی پر عدل و انصاف کے لیے ہر جگہ گئے لیکن حصول انصاف میں ناکام رہے، یہاں تک کہ واقعے کی تحقیقات کرنے والے عدالتی کمیشن کی رپورٹ کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ 15 جون کو وطن واپس آئیں گے اور 17 جون کو سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق کارکنوں کی دوسری برسی کے موقعے پر لاہور کے مال روڈ پر احتجاجی دھرنا دیں گے۔ انصاف کے لیے پرامن احتجاج ان کا حق ہے، وہ اس دھرنے کے پرامن ہونے کی خود ضمانت دیتے ہیں لیکن اگر حکومت پنجاب نے احتجاج کی راہ میں کوئی رکاوٹ ڈالی تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے علاوہ مظلوموں کو انصاف دلانا بھی آرمی چیف کی ذمہ داری ہے، انہوں نے ہمیں انصاف دلانے کا وعدہ کیا تھا ، وہ اپنے وعدے کو پورا کریں۔