آشیانہ کرپشن اسکیم؛ احد چیمہ کی اہلیہ بھی نیب کے شکنجے میں
لاہور: آشیانہ اقبال کرپشن اسکیم میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی اہلیہ بھی نیب کے شکنجے میں آگئیں۔ پاکستان ویوز کے مطابق آشیانہ اقبال کرپشن کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب لاہور) نے کرپشن کے الزام میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی اہلیہ صائمہ چیمہ کے خلاف بھی انکوائری کا آغاز کردیا۔
ذرائع کے مطابق احد خان چیمہ کی اہلیہ صائمہ چیمہ سرکاری افسر ہیں۔ نیب نے صائمہ چیمہ کے اثاثوں کی تفصیلات کی چھان بین کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں اپنی صفائی پیش کرنے کے لئے طلب کرلیا ہے۔ احد چیمہ سے دوران تفتیش ایسے شواہد ملے کہ بہت سے اثاثے اور بڑی جائیداد ان کی اہلیہ کے نام ہے۔ نیب نے اس حوالے سے صائمہ چیمہ سے تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آشیانہ کرپشن کیس میں تفتیش کے لیے احد چیمہ کے بہنوئی منصور، سالی نادیہ، بہن سعدیہ اور اہلیہ نیب آفس پہنچ گئے ہیں۔
ادھر چیئرمین نیب نے ایک اور اہم کیس کھولنے کی منظوری دے دی جس کے بعد نیب لاہور نے آئندہ ہفتہ ڈی جی اینٹی کرپشن کو طلب کر لیا۔ نیب زرائع کے مطابق ڈی جی اینٹی کرپشن مظفر علی رانجھا کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر طلب کیا گیا۔