عابد باکسر کو پاکستان نہیں لایا گیا،لاہور ہائی کورٹ ڈائریکٹر انٹرل پول کا انکشاف
سابق انسپکٹر پولیس عابد باکسر کے تحفظ کے لئے دائر درخواست میں ڈائریکٹر انٹرپول ایف آئی اے نے لاہور ہائیکورٹ کے روبروانکشاف کیا کہ عابد باکسر پاکستان میں موجود نہیں ، عابد باکسر کو کوئی ایجنسی پاکستان لے کربھی نہیں آئی ہے۔جسٹس انوار الحق نے کیس کی سماعت کی، عدالتی حکم پرڈائریکٹر انٹرپول ایف آئی اے عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے انکشاف کیا کہ عابد باکسر پاکستان میں موجود نہیں ہے ،عابد باکسر کو کوئی بھی ایجنسی پاکستان لے کر نہیں آئی، عابد باکسر کے سسر جعفر رفیع نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عابد باکسر کو دبئی پولیس نے انٹر پول کی مدد سے گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے عابد باکسر کی جان کوخطرہ ہے کہ کہیں اس کو پولیس مقابلہ میں نہ مار دیا جائے،عابد باکسر کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں طلب کرے، آئین کے آرٹیکل 10(اے )کے تحت عابد باکسر کو شفاف ٹرائل کا حق دیا جائے اور عدالت پولیس کو عابد باکسر کو پولیس مقابلہ میں مارنے سے روکنے کا حکم دے،عدالت عابد باکسر کو زندہ سلامت پیش کرنے کا حکم دے ،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28مارچ تک ملتوی کردی ہے ۔