جنوبی پنجاب کو صوبہ بنایا جائے، عائشہ گلالئی کا مطالبہ
بھکر: تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا مطالبہ کردیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ مسلسل نظر انداز کرنے اور محرومیوں کی وجہ سے اس حصے کو علیحدہ صوبہ بنایا جائے۔ بھکر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ ووٹ کی عزت کی بات کرنے والوں نے اس کا تقدس خود پامال کیا، نواز شریف اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مجھ پر گذشتہ روز حملہ کروایا اور وہ مجھ پر تیزاب بھی پھکوا سکتے ہیں، کیونکہ تحریک انصاف کے چیئرمین بانی ایم کیو ایم 2 بن چکے، اس لئے اب مجھے بہت سے خدشات ہیں۔ عائشہ گلالئی نے مطالبہ کیا کہ جنوبی پنجاب کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔ اس لئے اس علاقے کو علیحدہ صوبہ بنانے کے حق میں ہوں، کیونکہ صوبائی حکومت کی توجہ صرف اپر پنجاب تک ہی محدود ہے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی جنوبی پنجاب کے دورے پر ہیں، گذشتہ روز وہ جب بہاولپور پہنچی تو پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان نے اُن کے قریب انڈے اور ٹماٹر پھینکے تھے۔ واضح رہے کہ یکم اگست 2017ء کو عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان پر سنگین الزمات عائد کئے تھے، جس کے بعد 28 اگست کو پاکستان تحریک انصاف نے عائشہ گلالئی کی پارٹی رکنیت منسوخ کردی تھی جبکہ انہیں ڈی سیٹ کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا تاہم الیکشن کمیشن پاکستان نے عمران خان کی درخواست مسترد کردی تھی۔