لاہورمیں پی ایس ایل کامیلہ سج گیا،زلمی اورگلیڈی ایٹرزآج مدمقابل ہوں گی
لاہور: پی ایس ایل 3 کے دوسرے پلے آف میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل مرحلے کی جنگ آج لاہور میں ہوگی، گزشتہ ایڈیشن کے فائنل کی دونوں ٹیمیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی۔
دبئی اور شارجہ میں دونوں ٹیموں نے 5،5 میچ جیتے تاہم آج کا میچ ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی جب کہ جیتنے والی ٹیم کل کراچی کنگز سے مد مقابل ہوگی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔
گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم جیت کی صلاحیت رکھتی ہے، کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کا متبادل نہیں لیکن آنے والے بھی مایوس نہیں کریں گے جب کہ میچ میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔
پشاور زلمی کے لیے گزشتہ برس قذافی اسٹیڈیم لکی رہا تھا ڈیرن سیمی نے فائنل بھی جیتا اور دل بھی، زلمی کے کھلاڑی محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ دفاعی چیمپئن ہونے کے ناطے ان کی ٹیم پر پریشر ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان سپرلیگ کے 12 سے زائد غیر ملکی کرکٹرز اور کوچز لاہور پہنچ گئے ہیں، غیر ملکی کھلاڑیوں میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، ایون لوئس، کرس جارڈن، رکی ویسلز، لیام ڈیواسن، آندرے فلیچر لاہور پہنچ گئے ہیں۔
کراچی کنگز کے لینڈل سیمنز، جون ڈینلی، روی بو پارا، کائل ملز، ڈیوڈ وائزے، انگرام بھی شامل ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمود اللہ، ریلی روسو بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں جب کہ کوچنگ اسٹاف میں مکی آرتھر، ویون رچرڈز، جولیئن فاؤنٹین شامل ہیں۔