ملالہ کی پاکستان واپسی، لاہور کے چند نجی تعلیمی اداروں میں آئی ایم ناٹ ملالہ دن منایا گیا
لاہور: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی پاکستان آمد پر لاہور کے چند نجی تعلیمی اداروں میں آئی ایم ناٹ ملالہ یعنی میں ملالہ نہیں ہوں کا دن منایا گیا۔ یوم سیاہ دن منانے کی اپیل آل پنجاب پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر کاشف مرزا کی جانب سے کی گئی تھی۔ کاشف مراز نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے دعوٰی کیا کہ ملالہ کا یوم سیاہ پنجاب بھر کے تمام نجی اسکولز میں منایا گیا جن کی تعداد دو لاکھ ہے، ملالہ کے نظریات پاکستان مخالف ہیں اور وہ کسی بھی طور پاکستان کی نمائندگی نہیں کرتیں۔
ملالہ یوسفزئی نے اپنی کتاب آئی ایم ملالہ میں لکھا ہے کہ ان کے والد دو مقدمات میں نامزد ہیں اور ایک سزا یافتہ شخص یا اس کی بیٹی کیسے پاکستان کی نمائندگی کر سکتی ہے؟۔ کاشف مرزا کے دعوٰی کے مطابق ان کی اپیل پر صوبہ بھر کے لاہور اسکولز سسٹم، ایجوکیٹرز، الائیڈ اسکولز، سمارٹ اسکولز، اسٹینڈرڈ اسکولز سسٹم کی تمام برانچوں میں منایا گیا۔ کاشف مراز نے آئی ایم ناٹ ملالہ کے حوالے سے سیاہ دن منائے جانے پر سوشل میڈیا میں ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ آئی ایم ناٹ ملالہ کا یوم سیاہ لاہور اسکولز سسٹمز کی شاخوں میں منایا گیا ہے جو کاشف مراز کی ملکیت ہیں۔ ملالہ یوسف زئی 29 مارچ کو پاکستان پہنچیں تھیں۔
ملالہ یوسف زئی نے اسلام آباد میں وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے بعد تقریب سے خطاب میں لڑکیوں کی تعلیم پر زور دیا تھا۔ ملالہ یوسفزئی 2012ء میں طالبان کے ایک حملے میں اس وقت زخمی ہو گئیں تھیں جب وہ سوات میں اپنے سکول سے گھر واپس آ رہی تھیں، زخموں کی نوعیت کے پیش نظر انہیں علاج کے لئے لندن منتقل کیا گیا تھا جہاں صحت یابی کے بعد وہ اپنی تعلیم مکمل کر رہی ہیں۔ ذرائع نے لاہور کے بڑے نجی تعلیمی اداروں بیکن ہاؤس، لاہور گرائمر اسکول اور لاثال سمیت کسی بھی اسکول نے ایسا کوئی بھی دن منانے کی تصدیق نہیں کی۔