کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے 2 بھائیوں سمیت 4 مزدور جاں بحق
ضلع جہلم کی تحصیل دینہ میںزہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے 2 بھائیوں سمیت4 مزدورجاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ کوئلے کی کان میں گیس بھرنے کاافسوسناک واقعہ گزشہ روز صبح نواحی علاقے ٹلہ جوگیاں کے قریب چھمیارہ میں اس وقت پیش آیاجب مزدور کام میںمصروف تھے۔ ایک مزدورزاہداﷲ کوزخمی حالت میں نکال لیاگیا جسے تشویشناک حالت میںجہلم کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔دینہ سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالغفار قیصرانی، ایس ایچ اوتھانہ ڈومیلی رانا زاہد بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ ریسکیو 1122 نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کواسپتال منتقل کیا۔جاں بحق مزدوروں کا تعلق ضلع سوات کے علاقے شانگلہ میں پاگوڑی یونین کونسل پیرآباد سے ہے۔ ان میں رحمت قاری ولدمحمداصغر، صاحبزادہ ولد اقبال زادہ، 2سگے بھائی نصیب اﷲ اورصابرالرحمن شامل ہیں۔چاروں مزدوروں کوان کے آبائی علاقہ شانگلہ پاگوڑی میں سپردخاک کردیاگیا۔ ان کی میتیں جب علاقہ میں پہنچیں توکہرام مچ گیا، ہر طرف فضا سوگوار تھی۔ رواں سال کوئلہ کان کا یہ پانچواں جان لیوا حادثہ ہے۔