پرویز مشرف کی زیر قیادت 23 جماعتوں کا سیاسی اتحاد قائم
لاہور: ملک کی 23 سیاسی، مذہبی، سماجی جماعتوں نے مل کر پاکستان عوامی اتحاد کے نام سے سیاسی اتحاد بنا لیا ہے۔لاہور میں آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر ڈاکٹر محمد امجد، اسلامی جمہوریہ اتحاد کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر،عوام لیگ کے صدر ریاض فتیانہ، جونیجو لیگ کے صدر اقبال ڈار اور آرگنائزر فقیر حسین بخاری نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہاکہ ہم سابق صدر پرویزمشرف کی قیادت میں متحد ہیں اورہم مل کرملک میں تیسری بڑی سیاسی قوت بنائیں گے تاکہ ملک وقوم کی خدمت ہوسکے اسی حوالے سے پرویز مشرف جلد پاکستان آرہے ہیں جس کیلیے ہم نے رینجرز پر مشتمل سیکیورٹی وزارت داخلہ سے مانگ لی ہے ،نوازشریف کرپشن چھپانے کیلئے عدلیہ اورعسکری قیادت پر تنقید کا سلسلہ بند کریں۔ڈاکٹرامجد نے کہاکہ نوازشریف کے دور حکومت میںبیرونی قرضے جس حد تک بڑھے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی، پرویزمشرف دور میں ملک میں سرمایہ کاری ہونے سے زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی ہوئی، میڈیا کی ترقی بھی اسی امر کا حصہ ہے۔جونیجو لیگ کے صدر اقبال ڈار نے کہا کہ ملک کو انٹرنیشنل سیاست میں اہم کردار ادا کرنے والے لیڈر کی ضرورت ہے جو پرویزمشرف کی صورت میں موجود ہے۔عوام لیگ کے صدر ریاض فتیانہ نے کہاکہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے کاشت کار شدید پریشانی سے دوچار ہیں، ملک میں صحت اورتعلیم کا فقدان ہے آئندہ مل کرسیاسی جہدوجہد کریں گے۔اسلامی جمہوری اتحاد کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہاکہ نوازشریف3 مرتبہ وزیراعظم بنے لیکن عوام کیلیے کچھ نہیں کیا، ن لیگ جمہوریت کی آڑ میں خاندانی بادشاہت قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ قوم کو غلام بنایا جاسکے۔چیف آرگنائزر فقیر حسین بخاری نے کہاکہ آئندہ الیکشن میں اتحاد میں شامل تمام جماعتیں مل کر بہتر شہرت کے حامل افراد کا چناؤ کریںگی اور انھیں الیکشن لڑایا جائے گا۔