پنجاب
پی ٹی آئی پنجاب میں کسی سیاسی جماعت سے الحاق نہیں کریگی
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے آئندہ عام انتخابات کے لیے پنجاب میں کسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ 5 سال کے دوران پنجاب کے سیاسی محاذ پر متعدد معاملات میں پاکستان عوامی تحریک، مسلم لیگ (ق) اور جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کے اتحادی کا کردار ادا کیا تاہم اب پی ٹی آئی نے کسی بھی جماعت سے انتخابی اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی اتحاد کے معاملے پر عمران خان کا موقف ہے کہ اپنے ہی پلیٹ فارم سے الیکشن میں لڑنے سے پارٹی ڈسپلن برقرار رہتا ہے جب کہ انتخابی اتحاد میں معاملات کنٹرول سے باہر ہوجاتے ہیں اور ایسے سمجھوتے کرنے پڑتے ہیں جن کا اثر کئی برسوں تک رہتا ہے۔ اس لئے عمران خان نے سیاسی اتحادی جماعتوں کے قائدین سے کسی بھی قسم کے اتحاد سے معذرت کرلی ہے۔