سیکیورٹی افسران پر تشدد کرنے والے چینی انجنیئرز ملک بدر
ملتان: سیکیورٹی افسران پر تشدد کرنے والے 5 چینی انجنیئرز کو ملک بدر کردیا گیا ہے۔ پاکستان ووز کے مطابق سیکیورٹی افسران پر تشدد کرنے والے 5 چینی انجنیئرز کو ملک بدر کردیا گیا ہے، سیکیورٹی افسران کے مطابق فیصل آباد ملتان موٹروے نورپور سائیٹ پر کام کرنے والے چینی انجنیئرز بغیر سیکیورٹی کیمپ سے باہر جانا چاہتے تھے جس پر ان سے تلخ کلامی ہوگئی جو ہاتھا پائی پر جاپہنچی، انجینئرز نے سیکیورٹی افسران پر تشدد کیا اور جوتوں سمیت پاکستانی پرچم والی گاڑی پر چڑھ گئے۔
کمشنر ملتان کی انکوائری رپورٹ کے بعد وزارتِ داخلہ نے انجنیئرز کو ملک بدر کا حکم جاری کیا اور انہیں گاڑیوں کے ذریعے لاہور لایا گیا اور خصوصی طیارے کے ذریعے ملک بدر کردیا گیا۔ ملک بدر کئے جانے والوں میں کنٹری پروجیکٹ منیجر ولبنگ، ایڈمن آفیسر تی آن ویجون، میٹریل انجینیئر مسٹرہوئی لیو، فنانس آفیسر وانگ بیفن اور فیلڈ انجنیئر سٹرتان ینگ شامل ہیں۔