پنجاب

پیر پگاڑا اور (ق) لیگ کا ایک انتخابی نشان سے لڑنیکا اعلان

انتخابات سے قبل پیر پگاڑا اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے ایک انتخابی نشان کے ساتھ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کا اعلان کر دیا۔ جی ڈی اے اور مسلم لیگ (ق) نے آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خاتمے کے لئے ایک قابل اعتماد سیاسی پلیٹ فارم پر تمام ہم خیال جماعتوں اور سیاسی شخصیات کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعلان جی ڈی اے اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے صدر پیر پگاڑا صبغت اللہ شاہ راشدی اور مسلم لیگ (ق) کے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ یہ اتحاد چند روز قبل مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی اور رکن صوبائی اسمبلی کی جانب سے شریف برادران سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے جنوبی پنجاب فرنٹ کے انعقاد کے وقت بن چکا تھا۔ پریس کانفرنس کے دوران چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ جی ڈی اور مسلم لیگ (ق) کا اتحاد محدود نہیں بلکہ ہم مسلم لیگ (ن) کے علاوہ تمام ہم خیالوں اور محب وطن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایم ایل (ن) تمام مسلم لیگی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے میں دیوار بنی ہوئی تھی تاہم اب ایسا نہیں ہوگا اور یہ اتحاد بہت جلد دیگر صوبوں میں بھی نظر آئے گا۔ جی ڈی اے کے پلیٹ فارم سے انتخابات لڑنے کے لیے ضروری رسم الخط کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران پیر صبغت اللہ شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پنجاب سے اتحاد کی قیادت کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے تو میں اعلٰی عہدہ چھوڑنے کے لئے تیار ہوں، بس امید ہے کہ جی ڈی اے انتخابات میں اچھی کارکردگی دکھائے گی۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابات میں کسی جماعت سے اتحاد نہیں کریں گے تاہم چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ جب وقت آئے گا تو دیکھا جائے گا کہ کون کس کے ساتھ ہوتا ہے۔ اس اتحاد میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو بھی شامل کرنے کے سوال پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہمارے دروازے تمام محب وطن عوام کے لئے کھلے ہیں۔ شریف خاندان کی جانب سے چوہدری برادران سے رابطہ کئے جانے کے سوال پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہمارا شریف برادران سے پچھلے 15 سالوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سیکرٹری اطلاعات اور سابق سینیٹر کامل علی آغا نے میڈیا کو بتایا کہ تمام جماعتیں جو جی ڈی اے کا حصہ بنیں گی، انہیں ایک ہی انتخابی نشان سے لڑنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انضمام نہیں بلکہ اتحاد ہے، جی ڈی اے کی رکن جماعتیں اپنی ساکھ کو برقرار رکھیں گی اور جی ڈی الیکشن کمیشن آف پاکستان سے ایک ہی انتخابی نشان طلب کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں وہ جی ڈی اے میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں اور آنے والے دنوں میں ملک بھر سے بڑے نام جی ڈی اے میں شمولیت اختیار کریں گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close