سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، چیف جسٹس ثاقب نثار اطلاع ملتے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پہنچ گئے اور آئی جی پنجاب کو طلب کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کی لاہور میں واقع رہائشگاہ پر فائرنگ گزشتہ رات اور آج صبح کی گئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان اطلاع ملتے ہی ان کے گھر پہنچ گئے اور آئی جی پنجاب کو طلب کر لیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار خود ساری صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن پاناما ریفرنس میں نگران جج ہیں، اس کے علاوہ وہ پاناما سمیت اہم مقدمات اور فیصلوں کا حصہ رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کے بعد رینجرز بھی ماڈل ٹائون پہنچ گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ واقعہ کے بعد پولیس موقع پر پہنچ چکی ہے اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پولیس کے بعد رینجرز بھی اعلیٰ عدلیہ کے جج کے گھر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب شہر میں نواز شریف کی نااہلی کیخلاف مذمتی بینرز لگ چکے ہیں جن پر لیگی رہنماؤں کی جانب سے ’’ظلم کے یہ ضابطے، ہم نہیں مانتے‘‘ جیسے نعرے درج ہیں جبکہ گزشتہ روز لیگی کارکنوں نے سیاہ پرچم اٹھا کر احتجاجی ریلی بھی نکالی جس میں نواز شریف کی نااہلی کو ہم نہیں مانتے، نواز شریف قدم بڑھاؤ، ہم تمھارے ساتھ ہیں، جیسے نعرے لگائے جاتے رہے۔