عدلیہ کیخلاف نازیبا الفاظ کا استعمال، نواز لیگ کے دو رہنماء گرفتار
قصور میں عدلیہ مخالف تقاریر اور معزز ججز کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر مسلم لیگ (ن) کے دو مقامی رہنماؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔ قصور میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت نے نہ صرف عدلیہ کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کیں بلکہ نازیبا نعرے بھی لگوائے۔ عدلیہ مخالف ریلی میں (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی وسیم اختر شیخ اور رکن پنجاب اسمبلی ندیم صفدر انصاری بھی شریک ہوئے جنہوں نے شرکاء کے ساتھ مل کر عدلیہ کے خلاف غیر مہذب زبان استعمال کی۔ عدلیہ مخالف ریلی کی خبریں نشر ہوئیں تو پولیس حرکت میں آ گئی، پولیس نے رات گئے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران (ن) لیگ کے دو رہنماؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ رات گئے ایک درجن اہلکاروں نے گھر سے چیئرمین بیت المال ناصر خان اور ضلعی نائب صدر (ن) لیگ جمیل احمد خاں کو گرفتار کیا۔ دوسری جانب گرفتاریوں کے ڈر سے احتجاج میں شریک ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی روپوش ہوگئے ہیں جن کی گرفتاریوں کے لیے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔