آئی ایس او یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ کرتی ہے،سرفراز نقوی
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر سرفراز نقوی نے لاہور پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ المبارک کو بافرمان امام خمینی یوم القدس منایا جاتا ہے، لہذا ہر سال کی طرح رواں سال بھی پاکستان میں آئی ایس او دیگر ملی تنظیموں جن میں مجلس وحدت مسلمین، امامیہ آرگنائزیشن، علماء امامیہ اور علماء مدارس جعفریہ، امامیہ آرگنائزیشن شامل ہیں، کے تعاون سے بھرپور انداز میں یوم القدس منا کر قدس کی آزادی کی تحریک جلا بخشیں گے، یوم القدس 25 رمضان المبارک بتاریخ یکم جولائی بروز جمعہ منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں آئی ایس او پاکستان کے تحت ملک بھر میں ریلیاں، احتجاجی مظاہرے اور کانفرنسز کی تیاری مکمل کی جا چکی ہے،
ملک کے بڑے شہروں جن میں اسلام آباد، لاہور، حیدر آباد کوئٹہ، کراچی، سکھر، راولپنڈی، گلگت بلتستان، پشاور میں آزادی قدس ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ لاہور میں مرکزی القدس ریلی اسلامپورہ سے نکالی جائے گی اور اختتام اسمبلی ہال پر ہوگا، جہاں پر خطابات کئے جائیں گے۔ ریلی میں مختلف مکاتب فکر کے علما کرام، طلبہ تنظیموں کے نمائندگان اور سماجی و سیاسی شخصیات بھی شریک ہوکر بیت المقدس کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
سرفراز نقوی نے کہا کہ ہمیں خدا کی ذات پر مصمم یقین ہے کہ انشااللہ مظلوم فلسطینیوں کی داد رسی کیلئے یہ احتجاجات غزہ کی آزادی کی نوید لائیں گے اور غزہ کا محاصرہ ختم ہوگا، یہی روز ایک دن تبدیلی کا پیش خیمہ بنے گا اور بیت المقدس صیہونیوں کے پنجے سے آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس حق و باطل کے درمیان جدائی کا دن ہے، 56 ممالک کے ڈیڑھ ارب مسلم جسد واحد کا ثبوت دیتے ہوئے اپنا شرعی وظیفہ ادا کریں اور مظلومین کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں، ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اہمیت و صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے یوم القدس کو اسلام کی نشاط ثانیہ کیلئے سنگ میل کے طور پر منانے میں اپنا عملی کردار ادا کرے۔
مرکزی نائب صدر سرفراز نقوی نے کہا آئی ایس او یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ کرتی ہے، دنیا کی تیسری بڑی القدس یعنی حمایت فلسطین ریلی کے انعقاد کروانے کا امتیاز پاکستان کو حاصل ہے اور انشااللہ یہ اعزاز باقی رہے گا، یوم القدس انشااللہ روز فتح مبین ہوگا، آئی ایس او پاکستان دنیا میں جہاں بھی مستضعفین ہیں، ان کی حامی اور ظالمین کیخلاف برسر پیکار ہے۔ پریس کانفرنس میں علامہ اسد نقوی، علامہ محمد خان مہدوی، مدارس جعفریہ، علی کاظمی ڈویژنل صدر لاہور میثم جعفری اور نثار کاظمی مرکزی رہنماء آئی ایس او شامل تھے۔