پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستان کو کھوکھلا کرکے اب ہمیں آنکھیں دکھا رہے ہیں جب کہ عمران خان کا کوئی منشور ہی نہیں ہے۔لاہور میں پارٹی کارکنوں کی تقریب سے خطاب کے دوران سابق صدر نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے ملک کو کھوکھلا کردیا اور اب اداروں، ججوں اور ہمیں آنکھیں دکھا رہے ہیں جب آپ نے کھلونا توڑ دیا تو اب ہم پر الزام لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیج پر چڑھ کر لمبی لمبی تقریریں کرنے والے عمران خان کے پاس کوئی منشور یا پالیسی نہیں ہے۔سابق صدر نے کہا کہ ہمارے دور میں سرحدوں پر کوئی محاذ گرم نہیں تھا کیونکہ ہمارے پاس خارجہ پالیسی اور ڈپلومیسی تھی لیکن اب محاذ گرم ہیں اور اس کی وجہ موجودہ حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے غریبوں ،کسانوں اور کاشت کاروں کے لیے نئی پالیسی بنائی ہے میں ان کے لیے نئے فلاحی منصوبے بنائے ہیں، نئی پالیسی کےتحت یوریا کی بوری 500 روپے میں ملے گی جب کہ شہر میں بسنے والے غریبوں کے لیے بھی راشن کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے 18 ویں ترمیم دی تو پورے پاکستان کے لیے دی، بے نظیر بھٹو فاٹا کے انضمام کے لیے عدالت میں گئیں کیونکہ فاٹا کے عوام اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنے میں اور آپ پاکستانی ہیں، ہم نے جو کام پانچ سال پہلے کیے آج وہ یہ سب کررہے ہیں۔