احسن اقبال پر حملہ قابل مذمت، مذہبی لسانی اور سیاسی منافرت کا عفریت سب کچھ تباہ کردے گا: خواجہ آصف
لاہور: سابق وفاقی وزیر خارجہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے وزیر داخلہ احسن اقبال پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی، لسانی اور سیاسی منا فرت کا عفریت سب کچھ تباہ و برباد کر دے گا،ہم سب کو ملکر اپنے گھر کو درست کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’’ٹویٹر ‘‘ پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ مذہبی،نسلی اور سیاسی تفریق اوراختلافات کو جسطرح ذاتی اور گروہی مفادات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے،اس آگ سے کسی کا دامن محفوظ نھیں رہے گا۔انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ احسن اقبال کو زندگی دے،منا فرت کا عفریت سب کچھ تباہ و برباد کر دے گا،خدا کے لئے ہم سب کو مل کرگھر درست کرنا ہے۔
واضح رہے کہ آج وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر ناروال میں ایک کارنر میٹنگ کے اختتام پر مقامی حملہ آور نے فائرنگ کی جس میں ان کے بازو پر گولی لگی تاہم ان کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے ۔نجی ٹی وی چینل ’’ جیو نیوز ‘‘ نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور عابد نے ابتدائی تفتیش میں بیان دیا ہے کہ اس نے احسن اقبال پر فائرنگ اس لئے کی کیونکہ اسے احسن اقبال کے ختم نبوت کے حوالے سے بیانات پر رنج اور غصہ تھا۔