نارروال: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کرنے والے عابد نے دوران تفتیش داتا علی ہجویری اور غوث پاک کی زیارت کا دعویٰ کرنے کیساتھ یہ بھی کہا ہے کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ بھی اس کے خواب میں آئے جنہوں نے علامہ خادم حسین رضوی کو اٹھا رکھا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں ملزم عابد کہتا ہے کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی زیارت بھی ہوئی جنہوں نے تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کو اٹھا رکھا تھا۔ میں نے پوچھا کہ جناب آپ نے ان کو کیوں اٹھایا ہوا ہے تو انہوں نے فرمایا کہ یہ نبی کریمﷺ کے بہت منظور نظر ہے اس لئے اٹھایا ہوا ہے۔
نبی کریمﷺ نے کہا تھا کہ خادم حسین رضوی کو بھی لیتے آنا کیونکہ میری خواہش ہے کہ میں خادم حسین رضوی سے ملاقات کروں۔ اس کے بعد میرا ذہن بن گیا کہ میں اپنی والدہ کے کہنے کے مطابق عظیم ہستیوں کے نقش قدم پر چلوں گا اور فیض آباد دھرنے میں یہ ذہن بنا لیا تھا کہ جو بھی گستاخ رسولﷺ ہو گا اسے جہنم واصل کروں گا۔
عابد نے مزید کہا کہ داتا علی ہجویری اس کے خواب میں آئے اور کہا کہ احسن اقبال کو مار دو جبکہ غوث پاک کی بھی زیارت ہوئی جنہوں نے سلام لی اور حال چال پوچھا۔ مولانا الیاس قادری بھی خواب میں آئے اور سلام لے کر حال چال پوچھا۔
اس کا کہنا ہے کہ میری والدہ غاز علم دین شہید اور عامر عبدالرحمن چیمہ کی کیسٹس سنتی تھیں اور کہتی تھیں کہ بیٹا جیسے انہوں نے زندگی بسر کی ہے ایسے ہی تم کرنا اور اگر تم میرے بچے بیٹے ہو تو ان کے نقش قدم پر چلنا۔ عابد نے کہا کہ اس نے فیض آباد دھرنے میں فیصلہ کیا جو بھی گستاخ رسول ہو گا اسے جہنم واصل کر دے گا۔