پی ٹی آئی میں جنوبی پنجاب کی محرومی ختم کرنے کی صلاحیت نہیں، بلاول
لیہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں صلاحیت ہی نہیں کہ وہ جنوبی پنجاب کی محرومی کو ختم کرسکے جنوبی پنجاب کا نام لے کرسیاست چمکانے والوں کو یہاں سے کچھ نہیں ملے گا۔
لیہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے 4 کروڑ عوام کے لیے سب سے پہلے ہم نے آواز اٹھائی، اپنے صوبے کی بات کرنے والے دوست آج پی ٹی آئی سے مل گئے ہیں انہوں نے کبھی بھی الگ صوبے کی بات نہیں کی پانچ سال تک اقتدار کے مزے لوٹتے رہے اور انہیں اب جنوبی پنجاب یاد آرہا ہے۔
بلاول نے کہا کہ خان صاحب جگہ دیکھ کر اپنا موقف بدلتے ہیں، خان صاحب لاہور میں انتظامی یونٹ کی بات کرتے ہیں اور جنوبی پنجاب والوں کے ساتھ بیٹھ کر کہتے ہیں کہ 100 دن میں صوبہ بناؤں گا، عمران خان نے پہلے بھی نوے دن کا وعدہ کیا تھا، کون سے 90 دن میں عمران خان نے کے پی میں کرپشن ختم کردی؟ پی ٹی آئی میں صلاحیت ہی نہیں کہ وہ جنوبی پنجاب کی محرومی کو ختم کرسکے پانچ سال انہوں نے کچھ کہا تک نہیں اب الگ صوبے کا رونا رو رہے ہیں
چیئرمین پی پی نے کہا کہ کیا عوام اتنے بے وقوف ہیں آپ انہیں جو بھی بتادو وہ مان جائیں گے؟ عوام باشعور ہیں یہ ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے، کیوں انہیں الیکشن سے صرف ایک ماہ قبل جنوبی پنجاب کی یاد آئی یہ صرف الیکشن کے لیے آئے ہیں صرف آپ کو دھوکا دینے کے لیے جنوبی پنجاب کا نام لے کرسیاست چمکانے والوں کو یہاں سے کچھ نہیں ملے گا۔
ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناکام لیگ کا وزیر اعلیٰ گندم کی فصل تباہ کررہا ہے، جب تک جاتی امراء اینڈ کمپنی کاراج رہے گا کسان کا خون چوسا جاتا رہے گا جب تک شریف شاہی قائم رہے گی کاشتکار کا استحصال جاری رہے گا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ کبھی شوباز شریف سے پوچھا اس نے مرکز سے 4 ہزار ارب روپے لیے وہ کہاں لگائے؟ان سارے پیسوں میں سے جنوبی پنجاب اور لیہ پر کتنا خرچ ہوا؟ دراصل شوباز شریف نے جنوبی پنجاب کو ہمیشہ اپنی کالونی سمجھا ہم جنوبی پنجاب صوبہ چھین کرلیں گے۔