شادیوں کے ذریعے لوٹ مار کرنیوالا عالمی گینگ گرفتار، طریقہ واردات جان کر پولیس بھی حیرت زدہ
سوشل میڈیا پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو چنگل میں پھنسا کر شادیاں کرکے لوٹنے والی 2 لڑکیوں کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گواجرانوالہ اینٹی کرپشن ٹیم نے سیالکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی شادیاں کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فریداحمد کے مطابق گروہ میں 2 خواتین مصباح رانی اور عاصمہ سمیت ایک نکاح خواں حافظ خالد اور گواہ ذوالفقار علی شامل ہیں۔گروہ میں شامل خواتین سوشل میڈیا کی مدد سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور دیگر ممالک کے امیر زادوں کو اپنے چنگل میں پھنسا کر اپنے ساتھیوں کی مدد سے جعلی شادیاں کرتی تھیں اور شادی کے بعد ان افراد کو نشہ آور اشیا کھلا کر غیراخلاقی تصویریں و ویڈیوز بنا لیتے تھے اور اپنے خلاف کارروائی سے روکنے کے لئے یہی ویڈیو و تصاویرانٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرنے کی دھمکیاں دے کر بلیک میل کرتے تھے۔ریجنل ڈائریکٹراینٹی کرپشن نے بتایا کہ گروہ کے خلاف کارروائی گجرات کے رہائشی کی درخواست پر کی جب کہ گروہ کے دیگر افراد کو کچھ عرصہ قبل اسلام آباد سے گرفتار کیا جاچکا ہے، ابتدائی تفتیش میں خواتین نے اب تک 4، 4 سے زائد شادیوں کا اعتراف کیا ہے۔