ایم ایم اے تکفیری نعروں کا تدارک، اجتماعی قیادت کا تصور، پیر اعجاز احمد ہاشمی کا خطاب
جمعیت علماپاکستان کے سربراہ اور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے اتحاد امت کا بہترین عملی پلیٹ فارم ہے جس نے عملی طور پر اسلام میں محبت اور برداشت کے رویے کو اجاگر کیا ہے، ایران اور سعودی عرب بھی ایم ایم اے کے نقش قدم پر چلیں تو باہمی تنازعات حل کرسکتے ہیں،سیکولر عناصر کو پانچ دینی جماعتوں کے اتحاد نے واضح پیغام دیا کہ مشترکہ مشن کے لئے شیعہ سنی، دیوبندی بریلوی اور اہل حدیث ایک پلیٹ فار م پر اکٹھے ہوسکتے ہیں، ہم نے تکفیری نعروں اور فرقہ وارانہ رویوں کو بھی مسترد کرکے اجتماعی قیادت اور ایک امت کا تصور پیش کردیا ہے،اب امت میں انتشار پیدا کرنے والی قوتوں کی موت کا دن ہے۔تفصیلات کے مطابق مینار پاکستان گراونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے پیر اعجا ز ہاشمی نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کی دعویدار جماعت نے دوسری جماعتوں کے تمام کرپٹ سیاستدان اپنی جماعت میں اکٹھے کرلئے ہیں، نووارداور غیر تربیت یافتہ سیاستدان خلائی مخلوق کے ساتھ اتنے مل چکے ہیں کہ اب میاں اظہر والی ق لیگ لگنے لگے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کوملاں ملٹری الائنس دینے والی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت تو جلاوطن تھی ،پرویز مشرف کی آمریت کا مقابلہ ایم ایم اے نے کیا ، اب وہ بھی عدالتی بھگوڑا ہو چکا ہے،آج مشرف کا سیاسی وجود ہے اور نہ اس کی جماعت ق لیگ ، جبکہ اسٹیبلشمنٹ کو عمران خان کی شکل میں میاں اظہر مل گیا ہے ۔پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ ایم ایم اے سے زیادہ جمہوری جماعت کوئی نہیں ہوسکتی ہے، جس کا منشور اسلام اور قرآن ہے۔