پنجاب
لودھراں، پولیس کے ستائے شخص نے تھانے کے سامنے خود کو زندہ جلا دیا
پولیس رویے سے دلبرداشتہ ہو کر لودھراں کے شہری نے خود سوزی کر لی۔ پولیس کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر لودھراں کے رہائشی اقبال نے کچہری میں خود کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگالی۔ اقبال کو تشویشناک حالت میں بہاول وکٹوریہ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مرنے سے پہلے اقبال کی اسپتال میں آخری گفتگو سامنے آئی ہے جس میں اقبال کا کہنا تھا کہ تھانہ سٹی لودھراں کے رویہ کے خلاف خود کو آگ لگائی۔ تھانہ سٹی کے اے ایس آئی نصر اللہ نے میرے بیٹے کے خلاف جھوٹا کیس بنایا اور رشوت لی جب کہ رشوت لینے کے باوجود پولیس نے بیٹے کا جھوٹے کیس میں چالان کر دیا۔ دوسری جانب ڈی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی کومعطل کرکے محکمانہ تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے۔