لاہور: ہائی کورٹ نے اعلیٰ عدلیہ کے ریٹائرڈ ججز پر مشتمل عبوری حکومت کے قیام کے لیے دائر درخواست خارج کردی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے پاکستان تحریک انقلاب کے غازی علم الدین کی دائر کردہ درخواست کی سماعت کی۔ جس میں ریٹائرڈ ججز پر عبوری حکومت کے قیام کے لیے درخواست کی گئی تھی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں موثر نظام حکومت قائم نہیں ہو سکا، عدالتوں نے ضیاء الحق اور پرویز مشرف کو بھی حکومتیں کرنے کی اجازت دی ہے۔ پاکستان میں آئندہ دس برسوں کے لیے ریٹائرڈ ججز پر مشتمل عبوری حکومت قائم کی جائے، عدالت صوبائی اور وفاقی محکموں میں ریٹائرڈ ججز کا تقرر کرے، جوڈیشل حکومت کے قیام کے لیے عوامی ریفرنڈم کروانے کا حکم دیا جائے۔ عدالت عالیہ نے درخواستگزار کی جانب سے عدم پیروی کے باعث دائر درخواست خارج کردی۔