پنجاب

مارشل لاء کو دعوت دینا آئین سے بغاوت ہے، مولانا فضل الرحمان

لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ مارشل لاء کو دعوت دینا آئین سے بغاوت ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے رائے ونڈ میں وزیراعظم نواز شریف کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پانامہ کا معاملہ ایک سازش ہے جسے دنیا میں مشکلات پیدا کرنے کے لئے کھڑا کیا گیا، فی الحال وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت کسی حساس معاملے پر گفتگو کرنے کی متحمل نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو پاناما لیکس اور ٹی او آرز پر اپوزیشن کے ساتھ ڈیڈ لاک ختم کرانے کے لیے مذاکرات میں پل کا کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا، قیام امن کی وجہ سے جنرل راحیل شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں جنرل راحیل شریف کی تصاویر والے بینرز کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مارشل لاء کو دعوت دینا آئین سے بغاوت ہے۔

پارلیمنٹ کی کشمیر امور کمیٹی کے چیرمین کا کہنا تھا کہ اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ کشمیر کا مسلہ ہر فورم پراٹھایا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں دہشت گردی بھی پھیل رہی ہے اور امریکا بھی پھیل رہا ہے۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close