آرمی چیف کے بینرز لگوانے والا رانا ثناءاللہ کا قریبی ساتھی نکلا
اسلام آباد : فوج کو اقتدار میں آنے کی دعوت دینے کیلئے بینرز آویزاں کرنے والی مووآن پاکستان کے رہنما رانا ثناءاللہ کے قریبی ساتھی نکلے، پارٹی کے سنٹرل چیف آرگنائزر علی ہاشمی کو جنرل راحیل شریف کو اقتدار میں آنے کی دعوت دینے کے حوالے سے بینرز آویزاں کرنے کے عمل میں مبینہ طور پر رانا ثناءاللہ کی سرپرستی بھی حاصل ہے۔
مووآن پاکستان کے بینرز لگانے سے وفاقی دارالحکومت میں 26 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار کئے گئے سیف سٹی پراجیکٹ کا بھانڈا بھی پھوٹ گیا۔ میڈیا پر کھلے عام اعتراف کے باوجود وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنےکرانے والے ادارے کارروائی سے گریزاں، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی پراسرار خاموشی اختیار کرلی ہے۔
تفصلات کے مطابق 11جولائی کو ملک کے 13 بڑے شہروں بشمول لاہور، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا، پشاور میں آرمی چیف راحیل شریف کو اقتدار میں آنے کی دعوت دینے کے حوالے سے بینرز آویزاں کئے گئے جو کہ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی ایک غیر معروف سیاسی جماعت مووآن پاکستان نے لگائے تھے۔ مووآن پاکستان کے چیئرمین محمد کامران اور سنٹرل چیف آرگنائزر علی ہاشمی کی جانب سے کھلے عام میڈیا پر اعتراف کے باوجود وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔