Featuredپنجاب

نون لیگ کا حسن عسکری کو نگران وزیراعلٰی قبول کرنے سے انکار

لاہور: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعلٰی پنجاب کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے حسن عسکری کی تقرری کے فیصلے نے انتخابات کو شبے میں ڈال دیا ہے۔ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلٰی کا غیر جانبدار ہونا لازمی ہے، پنجاب کے لئے ہماری جانب سے دیئے گئے نام معروف ہیں لیکن الیکشن کمیشن نے ایک ایسے شخص کو نگراں وزیراعلٰی پنجاب مقرر کردیا جو غیر جانبدار نہیں، الیکشن کمیشن کے فیصلے نے انتخابات کو شبہ میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان کے عوام ان انتخابات کو رد کریں گے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تمام جماعتوں کی قیادت نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر برداشت نہیں، لیکن 26 اپریل 2018ء کو حسن عسکری نے آرٹیکل میں الیکشن میں تاخیر کی بات کی اور کہا گرمی کی وجہ سے الیکشن میں تاخیر ہو سکتی ہے، نگراں وزیراعلٰی کا فیصلہ پورے الیکشن کو شبہ میں ڈال دے گا الیکشن ہم نے لڑنا ہے، نگران حکومت نے نہیں۔

الیکشن کمیشن سے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہیں، ایسے شخص کو نگران وزیراعلٰی بنایا جائے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ الیکشن میں تاخیر سے ملک کو ناقابل تلافی معاشی نقصان ہوگا، مسلم لیگ (ن) الیکشن کو روکنے کیلئے ہونے والی سازشوں کا مقابلہ کرے گی اور ہمارا ایک ایک ووٹر اپنے ووٹ کی حفاظت کرے گا، کسی کو مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حسن عسکری کا احترام کرتے ہیں لیکن ان کے نظریات واضح ہیں، اور ان کے آرٹیکل ان کے نظریات کے عکاس ہیں، حسن عسکری کو چاہیئے کہ وہ اپنے عہدے سے معذرت کرلیں۔ اس سے قبل اپنے ایک انٹرویو میں رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ حسن عسکری جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے، ان سے غیر جانبدار اور میرٹ پر کام کی توقع نہیں کی جا سکتی، بدقسمتی ہے کہ جس شخص نے ایک اسکول نہیں چلایا وہ صوبہ چلائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close