Featuredپنجاب

حسن عسکری رضوی کا سرکاری رہائش اور پروٹوکول لینے سے انکار، کم ترین سیکورٹی پر اصرار

پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری نے پہلے روز ہی بڑے فیصلے کر لیے۔ انہوں نے وزیر اعلی ٰہاؤس 7 کلب میں رہائش اختیار نہ کرتے ہوئے اپنی رہائشگاہ میں رہنے کا فیصلہ کیا اور غیر ضروری اخراجات اور پروٹوکول سے بھی انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ نے حلف اٹھاتے ہی چند اہم فیصلے کیے ہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے وزیر اعلیٰ ہاؤس 7 کلب میں سرکاری رہائش اختیار کرنے سے معذرت کر لی اور کہا کہ میں اپنی رہائشگاہ میں ہی رہوں گا، جبکہ حلف اٹھانے کے بعد کم سے کم سکیورٹی رکھنے کا بھی فیصلہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات کی کہ تمام تر اضافی سکیورٹی کو واپس بھیج دیا جائے، ساتھ ساتھ غیر ضروری اخراجات اور پروٹوکول لینے سے بھی انکار کر دیا۔ واضح رہے کہ پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری رضوی کا تعلق منڈی بہاﺅالدین سے ہے۔ وہ معروف ماہر تعلیم ہیں۔ ان کا آبائی گھر محلہ پانچ وارڈ میں واقع ہے۔ ڈاکٹر حسن عسکری کا گھرانہ شہر میں دیانت دار، شریف، تعلیم یافتہ اور معزز گھرانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کے والد ڈاکٹر سید مقبل حسین رضوی معروف ماہر طب تھے، جبکہ ان کے ایک بھائی سید حسن مہدی رضوی ایڈووکیٹ ہیں اور منڈی بہاﺅالدین میں بطور انکم ٹیکس وکیل پریکٹس کرتے ہیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری رضوی جسٹس ریٹائرڈ جمیل رضوی کے نواسے اور بیرسٹر طالب رضوی اور ضیا رضوی کے بھانجے ہیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری کی بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب تقرری کے اعلان کے بعد شہر بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ان کے آبائی گھر پر بھی مبارکباد دینے کے لئے آنے والوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ان کے بھائی سید حسن مہدی رضوی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر حسن عسکری رضوی کی بطور نگرا ن وزیراعلیٰ پنجاب تقرری پورے شہر کے لئے اعزاز ہے اور وہ مکمل غیرجانبدار رہ کر اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close