لاہور: مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نواز نے این اے 127 سے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے۔
مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نواز نے اپنے نمائندے کے ذریعے این اے 127 لاہور کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے۔ قبل ازیں لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز پیش ہوئیں اور ٹکٹ کے حصول کے لیے انٹرویو دیا۔ پارلیمانی بورڈ کے سامنے انٹرویو دینے کے بعد سوشل میڈیا پر مریم نوازکا کہنا تھا کہ یہ ہے پاکستان مسلم لیگ (ن)، ٹکٹ کے لیے کارکن اورامیدوارکی طرح بورڈ کےسامنے پیش ہونے پرفخر ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے قومی اسمبلی کے 2 حلقوں این اے 125 اور این اے 127 سے الیکشن لڑنے کے لئے درخواست کی ہے لیکن میں اپنی جماعت کی ورکر اور کارکن ہوں اور پارٹی قیادت پر ہی فیصلہ چھورٹی ہوں کہ وہ مجھے کہاں سے ٹکٹ دیتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 125 بہت اچھا حلقہ ہے، سب کو پتہ ہے بیگم کلثوم نواز کے الیکشن میں (ن) لیگ کو این اے 125 میں کس طرح روکنے کی کوشش کی گئی لیکن غیر یقینی صورتحال اور برے حال میں بھی ہم نے 15 ہزار ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کی۔ این اے 125 میں کچھ مقامی ایم پی ایز کے تحفظات اور مسائل ہیں تاہم یہ حلقہ بہت اچھا ہے اور وہاں (ن) لیگ کا ووٹ بینک بھی ٹھوس ہے۔