پنجاب

خدیجہ حملہ کیس: ملزم کی بریت کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور

لاہور: سپریم کورٹ نے قانون کی طالبہ خدیجہ صدیقی پر حملے کے مقدمے کے ملزم کی بریت کےخلاف اپیل کو باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرلیا اور ملزم شاہ حسین کو ایک لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے خدیجہ صدیقی کی اپیل پر سماعت کی جس میں ہائی کورٹ کے ملزم شاہ حسین کو بری کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیاتھا ۔سماعت کے دوران خدیجہ صدیقی اور ملزم شاہ حسین اپنے اپنے وکلا کے ساتھ پیش ہوئے۔

دوران سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ نے استفسار کیا کہ کیا وجہ تھی کہ خدیجہ صدیقی اور اس کی چھوٹی بہن نے پوری دنیا چھوڑ کر ملزم شاہ حسین پر الزام لگایا۔ بینچ کے استفسار پر بتایا گیا ہے خدیجہ صدیقی اور شاہ حسین دونوں ہی قانون کے طالبعلم ہیں۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے نشاندہی کی کہ وقوعہ دن کے وقت ہوا، رات ہوتی تو شک کی گنجائش باقی تھی۔

سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ابتدائی سماعت کے بعد اپیل باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرلی اس کے ساتھ ہی ملزم شاہ حسین کو ایک لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی اور قرار دیا کہ اپیل پر مزید کارروائی موسم گرما کی تعطیلات کے بعد ہوگی۔

خدیجہ کیس کا پس منظر
قانون کی طالبہ خدیجہ صدیقی کو مئی 2016 میں اس کے کلاس فیلو شاہ حسین نے چھریوں کے وار کرکے لہولہان کردیا تھا لیکن ملزم بااثر ہونے کے باعث آزاد گھومتا رہا۔ معاملہ میڈیا پر آیا تو چیف جسٹس ہائی کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے ایک ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دیا جس کے نتیجے میں ملزم کو 7 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم ملزم شاہ حسین کو 4 جون کو لاہور ہائی کورٹ نے رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس پر چیف جسٹس نے ملزم کی رہائی کا نوٹس لیا تھا۔
a

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close