انتخابات میں اصل مقابلہ فوج کے مخالفوں اور حامیوں میں ہوگا، صاحبزادہ حامد رضا
فیصل آباد: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ نواز شریف پورے خاندان کیساتھ عید منانے اپنے آبائی علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔ نواز شریف ان فلیٹس میں رہیں گے جن کے بارے میں وہ کچھ نہیں جانتے۔ عید کے موقع پر مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے۔ عید کی خوشیوں میں غریب افراد کا خاص خیال رکھنا چاہیئے۔ عید مسلمانوں کیلیے انعام و اکرام کا دن ہے۔ عید کے موقع پر ملک کی خاطر بارڈر پر موجود پاک فوج کے جوان ہمارے ہیرو ہیں۔ قوم پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انتخابات میں اصل مقابلہ فوج کے مخالفوں اور حامیوں میں ہوگا۔ پاک فوج کی مخالفت پاکستان کی مخالفت ہے۔ پشتون تحفظ موومنٹ ملک دشمن طاقتوں کی آلہ کار ہے۔ سوشل میڈیا پر پاک فوج کی کردار کشی کرنے والوں کو ریاستی گرفت میں لایا جائے۔ بھارتی لابی ملک کو عدم استحکام کا شکار بنانے کیلئے سازشوں میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل برطانیہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مودی کے یار ملک کے غدار ہیں۔ نواز شریف فوج اور عدلیہ کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ قوم فوج اور عدلیہ کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ نواز شریف خود فوجی گملوں کی پیداوار ہے۔ جنرل ضیا کی گود میں پروان چڑھنے والے آج جمہوریت کے چیمپئن بنے ہوئے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ منظور پشتین پاکستان دشمن عالمی طاقتوں کا مہرہ بن چکا ہے۔ پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے بھارتی ایجنٹ ہیں۔ دہشت گردی کے پیچھے وردی نہیں امریکہ اور بھارت ہے۔ پاک فوج نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ پاک فوج کی قربانیوں کے نتیجے میں فاٹا، بلوچستان اور کراچی میں حکومتی رٹ بحال ہوئی ہے۔