پنجاب

انتخابات کا بگل بج چکا ہے، تحریک لبیک نے عام آدمی کے نمائندے میدان میں اتار دیئے ہیں، خادم حسین رضوی

لاہور: تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ حافظ خادم حسین رضوی نے تمام عالم اسلام کو عیدالفطر کی پرخلوص مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے مسلمانان پاکستان کے لئے حقیقی عید کا دن وہ ہوگا جب اس ملک میں نظام مصطفٰیﷺ رائج ہوگا اور عام آدمی کو حقوق کے حصول کے لئے در بدر پھرنے سے نجات ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار علامہ خادم حسین رضوی نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر اللہ کی طرف سے رمضان المبارک میں روزوں اور دیگر عبادات کا انعام ہے، عید کے موقع پر ہمیں اپنی خوشیوں میں ان لوگوں کو بھی شامل کرنا چاہیئے جن کے لئے ان خوشیوں کا حصول ممکن نہیں ہے، ہمیں عید کے روز اپنی دعاؤں میں شام، عراق، فلسطین، برما اور دیگر ممالک کے مسلمانوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے جن پر آج عالم کفر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ روزوں اور عید کی طرح ہر آزمائش کے بعد اللہ پاک کی طرف سے بندوں کو انعام دیا جاتا ہے، اسی طرح ستر سال سے ملک پر قابض اشرافیہ کے خلاف عام کی جدوجہد بھی بار آور ثابت ہوگی۔

علامہ خادم حسین رضوی نے اپنے پیغام میں عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام ظالم حکمرانوں اور سامراج کے ایجنٹوں کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد میں مصروف ہوجائیں، انتخابات کا بگل بج چکا ہے اور تحریک لبیک عام آدمی کے نمائندوں کو میدان انتخاب میں اتار چکی ہے، اب عوام کا فرض ہے کہ اپنے جیسے عام آدمیوں کو ایوانوں میں بھیجنے کے لئے اپنی پوری توانائیاں صرف کریں، انشاء اللہ 25 جولائی کو پاکستان کے عوام کے لئے عید اور خوشیوں کا دن ثابت ہوگا اور اس روز اس ملک میں نفاذ نظام مصطفٰی ﷺ کا سورج طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نظام مصطفٰیﷺ کا نفاذ ہی پاکستان کے مسائل کا حل ہے اور انشاء اللہ ﷺ تحریک لبیک کی قیادت میں یہ ملک نظام مصطفٰی ﷺ کی بہاریں ضرور دیکھے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close